اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کی زندگی میں واضح تبدیلی حکومت کا منشور ہے۔ تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں تبدیلی کا عمل مستحکم کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان سے کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے ارکان قومی اسمبلی شاہد احمد، نورین فاروق ابراہیم، شاندانہ گلزار اور محمد یعقوب شیخ نے ملاقات کی اور انھیں اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام الناس کی زندگیوں میں حقیقی معنوں میں واضح تبدیلی لانا حکومت کا منشور ہے۔ خیبر پختونخوا کے عوام کی بہتری کیلئے گزشتہ دور میں کئے جانے والے اقدامات کو آگے بڑھائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تعلیم، صحت، دیگر شعبوں میں تبدیلی کا عمل مستحکم کریں گے اور عوام کے معیار زندگی میں تبدیلی لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیاحت کا بے پناہ پوٹینشل ہے۔ سیاحت کے فروغ سے نا صرف صوبے بلکہ ملکی معیشت کو فائدہ ہوگا۔
وزیراعظم نے ارکان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور جبکہ کرک اور ڈی آئی خان میں پینے کے پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے پلان تشکیل دینے کی ہدایت کی۔