اسلام آباد: (دنیا نیوز) جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ سے متعلق کیس میں نیب راولپنڈی کی پہلی پیشرفت رپورٹ قومی احتساب بیورو ہیڈ کوارٹرز کو موصول ہوگئی۔ رپورٹ پیر کو سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے گی۔
سپریم کورٹ کےحکم پر آصف زرداری، فریال تالپور اور اومنی گروپ کے خلاف تحقیقات، نیب تفتیشی ٹٰیم کی پہلی پیشرفت رپورٹ تیار ہو گئی۔ ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کی تیارکردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشترکہ تفتیش کار ٹیم نے 16 مقدمات کی چھان بین شروع کی ہے جو میرٹ پر جاری ہے۔ مقدمات سے متعلق مزید ثبوت حاصل کئے جا رہے ہیں، متلعقہ محکموں سے مطلوبہ ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو کو ہر 15 روز بعد مقدمے میں پیشرفت رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ نیب پہلی ابتدائی رپورٹ پیر کو عدالت میں پیش کرے گا۔