اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو سپریم کورٹ کے احکامات پر وفاق کے سپرد کیے گئے 3 ہسپتالوں کے فرانزک آڈٹ اور کارکردگی مثالی بنانے کا ٹاسک دے دیا۔
وفاقی حکومت کراچی میں سرکاری ہسپتالوں کی بہتری کیلئے میدان میں آگئی۔ وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے رابطہ کر کے 3 بڑے ہسپتالوں کے 10 سال کا فرانزک آڈٹ بڑی فرم سے کروانے کا عندیہ دے دیا۔
ذرائع کے مطابق جناح ہسپتال، قومی ادارہ برائے امراض قلب اور قومی ادارہ برائے صحت اطفال میں بہتری کیلئے 5 رکنی ٹاسک فورس تشکیل دی جائے گی، تینوں ہسپتالوں کے فنڈز بڑھیں گے اور وفاق مشینری بھی دے گا۔ وزیر مملکت برائے صحت کی مشاورت سے ہسپتالوں کو چلانے کیلئے بورڈ بنائے جائیں گے، تینوں ہسپتالوں کو مثالی بنانا گورنر کا کام ہوگا۔