فیصل آباد : (دنیا نیوز) فیصل آباد میں پولیس پتنگ بازی کا خونی کھیل روکنے میں ناکام ہو گئی، خونی ڈور پھرنے سے سی ٹی ڈی اہلکار اور پتنگ پکڑنے کی کوشش میں 13 سالہ لڑکا چھت سے گر کرزخمی ہو گیا، دونوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
فیصل آباد کے قریب جھنگ روڈ پر سی ٹی ڈی اہلکار موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ اچانک کیمیکل ڈور ہیلمٹ میں پھنسنے سے زمین پر گر گیا۔اے ایس آئی فاروق ڈور پھرنے سے لہو لہان ہو گیا تاہم چلتی موٹرسائکلل سے گرنے کے سبب مزید چوٹیں آئیں۔ بعد ازاں سی ٹی ڈی اہلکار کو طبی امداد کے لیے الائیڈ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب لال مل چوک پر 13 سالہ لڑکا پتنگ پکڑنے کی کوشش کے دوران چھت سے گر کر زخمی ہو گیا جسے قریبی ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ واضح رہے کہ حکومت پنجاب کے بسنت نہ منانے کے فیصلے کے باوجود فیصل آباد میں پتنگ بازی پورے زور و شور سے جاری ہے جسے پولیس روکنے میں پوری طرح ناکام ہے۔ گزشتہ روز شہر میں پتنگ بازی کے دوران فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیتی رہیں لیکن پولیس خاموش تماشائی دکھائی دی۔