ٹنڈوالہ یار: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پانی و بجلی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ کراچی کے علاقے لیاری جو پیپلز پارٹی کا گڑھ تھا، وہاں پر تحریک انصاف کے ورکر نے بلاول بھٹو کو بدترین شکست دی۔ این آر او کسی کے لئے نہیں، تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد دنیا بھر سے سرمایہ کاروں نے پاکستان کا رخ کر لیا.
ٹنڈوالہ یار میں وفاقی وزیر پانی و بجلی عمر ایوب نے پلھ ہاؤس پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ملک سے کرپشن کا خاتمہ کر کے دم لے گی۔ ایوب خان کے دور میں ڈیم بنے جس کی وجہ سے آج ملک میں پانی کا ذخیرہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو جو تحفہ دیں گے وہ میرٹ والا پاکستان ہو گا۔ پاکستان میں سب سے زیادہ ووٹ میں نے لئے۔ پاکستان بھر میں 300 افسران کی بدترین کارکردگی وجہ سے فارغ کر دیا ہے۔ بجلی چوری میں ملوث 18000 سے زائد مقدمات درج کئے گئے جب کہ 1700 سے زائد بجلی چوروں کو جیل بھیجا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کرپشن کی وجہ سے سندھ میں عوام کو بنیادی سہولیات نہیں مل رہیں۔ ایک پارٹی سندھ میں ہے جس کا نام لینے سے ان کی فضول میں مشہوری ہوتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی اپنے ان کرتوتوں کی وجہ سے سندھ تک محدود ہوکر رہ گئی ہے۔ آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی سندھ میں حکومت بنائے گی، چند مہینوں میں بہتری آئے گی.