کراچی: (دنیا نیوز) میگا منی لانڈرنگ کیس میں انورمجید، حسین لوائی اور دیگر کی درخواست پر سماعت کے دوران تفتیشی افسران کے پیش نہ ہونے پر سندھ ہائیکورٹ نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
منی لانڈرنگ کیس کی سندھ ہائیکورٹ میں حسین لوائی اور طحہ رضا کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے نیب اور ایف آئی اے کے تفتیشی افسران کی عدم حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس آفتاب گورڑ نے کہا تفتیشی افسروں نے مذاق لگا رکھا ہے، انہیں عدالت کا خیال نہیں۔
ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ملک ممتاز الحسن نے جواب جمع کرا دیا جس میں کہا گیا ہے کہ کیس نیب کو منتقل ہو چکا، ضابطے کی کارروائی جاری ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا چیئرمین نیب کا کیس منتقلی سے متعلق لیٹر دو روز میں پیش کر دیا جائے گا۔ ملزمان کی درخواست ضمانت نہ سنی جائے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کتنے معصوم لوگ جیل میں پڑے ہیں، کچھ تو رحم کریں۔ عدالت نے سماعت 21 فروری تک ملتوی کر دی۔