میونخ: (دنیا نیوذ) پاکستان نے پلوامہ واقعہ پر بھارتی الزامات مسترد کر دئیے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے پلوامہ واقعہ کی حقیقت دنیا جانتی ہے، نریندر مودی کا ایجنڈا خاک میں مل گیا، بھارت کا پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کا ایجنڈا کبھی پورا نہیں ہوگا۔
وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد کے حق میں نہیں، اپنی سر زمین کبھی دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے، جانی نقصان پر صدمہ ہے، پلوامہ حملے سے متعلق بھارت کے پاس ثبوت ہیں تو شیئر کرے، تعاون کریں گے، الزام تراشیوں سے ماضی میں کچھ ہوا نہ اب ہوگا۔
ادھر سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے 5 اہم ممالک کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی الزام تراشی کے توڑ کیلئے پاکستان کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہ سفارتی کشیدگی بڑھانے سے کوئی فائدہ نہیں ہو گا، پلوامہ حملے پر بھارت نے تحقیقات کے بغیر الزام تراشی کی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔