شہباز شریف کی لاہور کے جناح ہسپتال آمد، بڑے بھائی سے ملاقات

Last Updated On 18 February,2019 03:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے لاہور کے جناح ہسپتال میں بڑے بھائی نواز شریف سے ملاقات کی۔ میڈیکل بورڈ نے اپنی حتمی رپورٹ حکام محکمہ داخلہ کو بھیج دی۔ میڈیکل بورڈ کے سربراہ کا کہنا ہے میاں نواز شریف کو ابھی علاج کی ضرورت ہے لیکن یہ فیصلہ جیل حکام نے کرنا ہے۔

سابق وزیر نواز شریف 4 روز سے جناح ہسپتال لاہور میں داخل ہیں لیکن تاحال علاج معالجہ شروع نہ ہوسکا۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف بھی بڑے بھائی کی عیادت کے لئے ہسپتال پہنچے۔ میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ نواز شریف کے علاج میں ایک منٹ کی تاخیر بھی بہت ظلم و زیادتی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا علاج بہتر نہیں ہو رہا، نواز شریف کا علاج ہونا چاہیے۔

میڈیکل بورڈ کے سربراہ اور علامہ میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی حتمی رپورٹ جیل حکام کو بھجوا دی ہے، نواز شریف کو کوئی خطرناک بیماری نہیں ہے، نواز شریف کو دیگر امراض کے علاج کی ضرورت ہے، جیل حکام کہیں گے تو نواز شریف کا علاج یہاں ہی کیا جائے گا، نواز شریف کے امراض کے بار نہیں بتا سکتا۔

سربراہ میڈیکل بورڈ نے کہا کہ تمام امراض کا علاج جناح ہسپتال میں میسر ہے، حتمی رپورٹ تیار کرنے کے بعد میڈیکل بورڈ کا کام ختم ہوگیا ہے، نواز شریف مزید کتنے دن یہاں رہیں گے فیصلہ جیل حکام نے کرنا ہے۔ مریم نواز بھی والد کی تیمارداری کے لئے ہسپتال پہنچی، حسن نواز کی اہلیہ اور بیٹا بھی نواز شریف کی عیادت کے لئے ہسپتال پہنچے۔