اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں آئندہ ماہ اربوں ڈالرز کی مزید سرمایہ کاری کا امکان ہے، ترک صدر رجب طیب اردگان اور ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد آئندہ ماہ پاکستان آئیں گے۔
مارچ میں 2 بڑے مسلم ممالک کے سربراہان پاکستان کا دورہ کریں گے، وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر ترک صدر اور ملائیشین وزیراعظم پاکستان کا دورہ کریں گے۔ مہاتیر محمد کی 23 مارچ کی پریڈ میں بھی بطور مہمان خصوصی شرکت متوقع ہے، ملائیشین وزیراعظم کے ساتھ سرمایہ کاروں اور تاجروں کا وفد بھی پاکستان آئے گا، ملائیشیا کی جانب سے پاکستان کے لیے خوردنی تیل پر درآمدی ڈیوٹی ختم ہونے کا امکان ہے، ملائیشیا کی جانب سے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کا اعلان متوقع ہے۔
صدر رجب طیب اردگان کے دورہ پاکستان میں بھی کئی معاہدوں پر دستخط کا امکان ہے، ترکی نے سی پیک منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، پاکستان اور ترکی کے مابین دفاعی شعبے میں بھی معاہدوں کا امکان ہے۔