کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں سیاسی کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ میں تیزی آگئی، اورنگی ٹاؤن اور سائٹ میں 2 افراد کو قتل کر دیا گیا، مقتولین تحریک انصاف کے کارکن تھے۔
پولیس حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے شفقت نامی شہری کو قتل کر دیا، شفقت نے حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔ دوسری جانب سائٹ اے باوانی چالی کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوار افراد نے فائرنگ کر کے 27 سالہ عبدالرحمان کو موت کے گھات اتار دیا۔ جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کا تعلق پی ٹی آئی سے بتایا جاتا ہے۔
واقعے کی خبر نشر ہونے کے بعد پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان سمیت دیگر عہدیدار عباسی شہید ہسپتال پہنچے۔ خرم شیر زمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ٹارگٹ کلرز آزادانہ سیاسی جماعت کے کارکنان کو نشانہ بنا رہے ہیں، پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے۔
ادھر پولیس نے ٹارگٹ کلنگ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ کراچی پولیس چیف نے ڈی آئی جی ویسٹ سے فائرنگ کے دونوں واقعات کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔