سوشل میڈیا پر نفرت کا پرچار، حکومت کا کریک ڈاؤن کا اعلان

Last Updated On 13 February,2019 04:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے سوشل میڈیا پر نفرت کا پرچار کرنے والوں کے خلاف آئندہ ہفتے بڑے کریک ڈاون کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کچھ افراد پکڑلئے، بیانات کنٹرول کرنے کا میکنزم تیار کرلیا، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد روکنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا دنیا کو انتہاپسندی جیسے سنگین چیلنج کا سامنا ہے، پاکستان کو بھی دہشتگردی اور انتہاپسندی کا سامنا ہے، بھارت میں مودی حکومت آنے کے بعد انتہا پسندی میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا اسلام میں انتہا پسندی کا کوئی تصور نہیں، افغان تنازع میں پھنسنے سے پاکستان میں انتہا پسندی پھیلی، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف لازوال قربانیاں دی ہیں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا اسلامی تعلیمات کی ترویج تلوار سے نہیں بزرگان دین سے ہوئی، پاکستان انتہا پسندی اور دہشتگردی کے دور سے کامیابی سے نکلا، کسی کو نفرت کا پرچار کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ انہوں نے کہا انتہا پسندی سے دہشتگردی کا بیج بویا جاتا ہے، کسی پر اپنی رائے مسلط کرنے سے مسائل جنم لیتے ہیں، قوانین پر عملدرآمد ریاست کی ذمہ داری ہے۔
 

Advertisement