اسلام آباد: (دنیا نیوز) شفقت محمود کا کہنا ہے پارلیمنٹ یا جمہوریت احتساب کے عمل میں ڈھال نہیں بن سکتی، اپوزیشن نیب کے قوانین کو کالا قانون کہہ رہی ہے، یہ 5 سال سوئے رہے، کالے قانون کو ختم کیوں نہیں کیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کسی بھی ممبر قومی اسمبلی کو احتساب سے اعتراض نہیں ہے، اعتراض اس ادارے پر کیا جا رہا ہے جو اس پارلیمنٹ کا حصہ نہیں، وہ ادارہ ایک خود مختار ادارہ ہے جو مشرف نے بنایا تھا۔ انہوں نے کہا مشرف کے بعد پیپلزپارٹی اور پھر مسلم لیگ ن کی حکومت آئی، دونوں جماعتوں نے اپنے ادوار میں نیب کا قانون نہیں چھیڑا اور نہ ہی تبدیل کیا، ہم نے نیب قوانین نہیں بنائے۔
شفقت محمود نے مزید کہا کہ ہمارا بھی پنجاب کا سینئر وزیر گرفتارہوا، ہمیں بھی اتنا ہی دکھ ہے جتنا آپکو دکھ ہے، اپوزیشن کی تمام توپوں کا رخ ہماری طرف ہے، اپوزیشن کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے کیوں نہیں نیب قوانین کو تبدیل کیا۔