لاہور: (دنیا نیوز) احتجاج، دھرنوں اور روڑ بلاک کرنے کے معاملے پر پنجاب حکومت نے ریڈ زونز بل 2018 کی منظوری دے دی۔
پنجاب حکومت نے احتجاجی مظاہروں، دھرنوں، جلسوں سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی تیار کر لی۔ حساس عمارتیں، کمرشل، تجارتی مقامات کو ریڈ زونز قرار دیا جا سکتا ہے۔ کسی بھی شاہراہ پارک، شادی ہال، پٹرول پمپس کے مقامات کو بھی ریڈ زونز قراردیا جا سکتا ہے۔ ڈپٹی کمشنراور ڈی پی او کسی بھی جگہ کو ریڈ زون قرار دے سکتے ہیں۔ ریڈ زون میں احتجاج پر 6 ماہ قید اور 50 ہزار تا 1 لاکھ تک جرمانہ ہو سکے گا۔
بل کے مطابق احتجاج کے لئے حکومت جگہ مختص کریگی، احتجاج کی جگہ پر پانی، بجلی اور واش رومز مہیا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہو گی۔ احتجاج کرنے والوں کو سہولیات سے متعلق فیس بھی ادا کرنا ہو گی۔ وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کے مطابق ریڈ زونز بل کی منظوری دی جا چکی ہے جلد اسمبلی سے منظوری لیکر عملدرآمد کیا جائیگا۔