لاہور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بھارتی ایئرفورس کی دراندازی کی کوشش اور جنگی جنون کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتدار کا بھوکا بھارتی حکمران ٹولہ پورے خطے کے امن کے لئے خطرہ بن چکا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ انڈین وزیراعظم نریندر مودی کشمیری عوام کی تحریک سے توجہ ہٹانے کے لیے ڈرامہ بازی پر اتر آیا ہے۔ بھارت میں امن پسند آوازیں بہت کمزور ہیں۔ عالمی برادری گجرات کے قصائی کو لگام دے۔ امن کے دشمن کسی صورت انسانیت کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہے۔ بھارتی جنگی جنونیت کے آگے سینہ سپر ہو کر لڑیں گے۔ بھارت غلط فہمی کا شکار نہ رہے۔ ہم اس کی جارحیت کے خلاف ہزار سالوں تک لڑنے کا حوصلہ رکھنے والی قوم ہیں۔