اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے اجلاس میں بھارتی دراندازی کے جواب میں پاکستانی ردعمل پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے اجلاس میں بھارتی دراندازی کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈی جی ایس پی ڈی لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار نے جوہری صلاحیت پر بریفنگ دی۔ اجلاس کے شرکا نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
اجلاس کے شرکا نے بھارتی دراندازی کے جواب میں پاکستانی ردعمل پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے بروقت جوابی کارروائی پر پاک فضائیہ کی تعریف کی۔
اجلاس میں عسکری قیادت نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر بریفنگ دی جس میں کہا گیا کہ پاک فوج کی پیشہ وارانہ تیاریاں ہر لحاظ سے مکمل ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ قوم کو پاک فوج کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے۔ حکومت، فوج اور عوام سب ایک پیج پر ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں ہیں، پاکستان ایک ذمہ دار ایمٹی طاقت ہے۔