اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارتی جیل میں قید مزید 2 پاکستانی انتقال کرگئے، 62 سالہ محمد اعظم کی سزا 2016 میں پوری ہونے کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا گیا تھا۔ دونوں کے جسد خاکی آج پاکستان کے حوالے کیے جائیں گے۔
کراچی کے رہائشی محمد انین چوہدری صوبہ گجرات کے شہر احمد آباد کے سول ہسپتال میں انتقال کر گئے، انہیں 2017 میں مچھلی کا شکار کرتے ہوئے غلطی سے بھارتی سمندری حدود میں داخل ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا، انین کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
دوسرے پاکستانی قیدی 62 سالہ محمد اعظم امرتسر کے گروناناک ہسپتال میں انتقال کر گئے، انہیں بیماری کے باعث 25 فروری کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ محمد اعظم بھی غلطی سے سرحد پار کر گئے تھے، 2016 میں سزا پوری ہونے کے باوجود بھارت نے انہیں رہا نہیں کیا، وہ فیروز پور جیل میں قید رہے، دونوں کے جسد خاکی آج پاکستان آئیں گے۔
اس سے پہلے جے پور کی جیل میں ایک پاکستانی قیدی شاکراللہ کو انتہا پسندوں نے پتھر مار مار کر شہید کر دیا تھا۔