باجوڑ: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے باجوڑ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے مک مکا کی پارٹنر شپ توڑ دی، جنگ نہیں چاہتے، مگر امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ملکی خوشحالی کیلئے مود ی سے بات کرنے کو بھی تیارہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اب کوئی این آراو سائن نہیں ہوگا، این آر او کی وجہ سے ملکی قرضہ بڑھا، ملک کاپیسہ لوٹنے والوں سے مفاہمت نہیں ہوسکتی، ملک کاپیسہ چوری کر کے بیرون ملک منتقل کیاگیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی لحاظ سےبرےوقت سے گزر رہا ہے، بڑی جماعتوں نے ملک کو مقروض کردیا۔
وزیراعظم عمران خان نے قبائلی علاقوں کیلئے صحت انصاف کارڈ کے اجرا کا اعلان کیا ہے، خطاب میں انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں روزگار، تعلیم کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ سیاحت کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ باجوڑ کےنوجوانوں کو ہنر مند بنائیں گے، باجوڑمیں چھوٹی صنعتوں کیلئےزون بنائے جائیں گے، صحت اورتعلیم کے شعبے میں 8 ہزار نوکریاں لارہےہیں، بجلی کامسئلہ بھی حل کریں گے، باجوڑ کےلوگوں کوانٹرنیٹ کی سہولت جلددیں گے، باجوڑ کےنوجوانوں کوآسان شرائط پر قرضے دیں گے۔ این ایف سی ایوارڈکا 3 فیصد قبائلی علاقے پرخرچ کریں گے- قبائلی علاقوں کو اوپراٹھانےکیلئے صوبوں کومدد کرناہوگی۔