اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا مائنڈسیٹ پرانی حکومت سے مختلف ہے، ملک سے غربت کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، زرعی زمین بچانے کیلئےشہروں کے پھیلاؤ کو روکیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کچی آبادیوں میں فلیٹ بنائے جائیں گے، ہم 5 سال میں 50 لاکھ گھر بنانا چاہتے ہیں، پاکستان میں بے شمار افراد کے پاس اپنا گھر نہیں ہے، چھوٹے طبقے کے لیے قرضہ لینا بڑا مشکل ہوتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقے کے لوگوں کو بھی گھروں کی ضرورت ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ کے بعد فاٹاکے حالات بہت برے ہیں، قبائلی لوگوں کواس پیکج میں شامل کرنا بہت اچھی بات ہے، گھروں کےمنصوبےسے 40 صنعتیں چلیں گی، ہاؤسنگ اسکیم سے لوگوں کو روزگار ملے گا، کبھی کسی نے کچی آبادیوں کو سہولیات دینے کی بات نہیں کی، ہماری حکومت پہلی بارکچی آبادیوں کوسہولیات دے گی۔
وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنائیں گے، اسلام آباد کی کچی آبادی کےلوگوں کو مالکانہ حقوق دیں گے، اب ہم نے شہروں کو پھیلنے نہیں دینا،شہروں کے پھیلنےکی وجہ سے گرین ایریاز ختم ہو رہے ہیں۔