ملتان: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کرائسٹ چرچ دہشت گردی کے واقعے کے بعد 9 پاکستانی لاپتہ ہیں، لواحقین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، بد قسمتی سے یورپ میں اسلامو فوبیا دکھائی دے رہا ہے، بھارت سے کشیدگی میں کمی آئی، الیکشن ہونے تک مودی سے ہوشیار رہنا ہوگا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارت کے الیکشن مراحل 19 مئی کو ختم ہونگے تب تک مودی سرکار سے کوئی بعید نہیں تب تک ہمیں اپنی فضائی سمیت تمام ملکی حدود کی حفاظت کے لیے چوکنا رہنا ہوگا، کرتار پور بارڈر کے حوالے سے 2 اپریل کو میٹنگ ہے۔ انہوں نے کہا بھارت سے معاملات کے سلجھاؤ کے لیے کل چین روانہ ہو رہا ہوں، بھارت پلوامہ حملے کو دہشتگردی قرار دے رہا ہے جبکہ ہمارا موقف ہے کہ وہ حملہ وہاں کے عوام کا حق خود ارادیت کے لیے ردعمل ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے پاکستان نے بہت کوششیں کی ہیں، خاموش رہنے سے عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق فائدہ ہوسکتا ہے، ڈاکٹر عافیہ کا معاملہ حساس ہے، اس حوالے سے انکے خاندان اور دیگر افراد جو افواہیں پھیلا رہے ہیں ان سے گریز کریں، دعا ہے ہم اپنے کام میں کامیاب ہو جائیں۔