سکھر: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے بھارت نے جارحیت کی تو اس کا بھرپور جواب دیں گے، پاکستان امن چاہتاہے، واضح پیغام ہے، چاہتے ہیں افغانستان میں امن و استحکام آئے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا الیکشن تک مودی کا لب و لہجہ ایسا ہی رہے گا، مودی دباؤ کا شکار ہیں، اپوزیشن ان پر تنقید کر رہی ہے، مودی سرکار کا بیانیہ بھارت کےعوام بھی تسلیم نہیں کرتے، ہم انہیں جارحیت کا کوئی موقع نہیں دینا چاہتے۔ انہوں نے کہا بھارتی کھلاڑیوں نے کھیل کے میدان میں فوجی ٹوپیاں پہن لی ہیں، آئی سی سی کو بھارتی رویئے کا نوٹس لینا چاہیے، آج بھارت کے لوگ کہہ رہے ہیں کہ پلوامہ کی حقیقت بتاؤ۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ کشمیر کا مسئلہ 1984 سے حل طلب ہے، عالمی برادری کو مداخلت کرنا ہوگی، یو این رپورٹ سفارش کر رہی ہے کہ ایک انکوائری کمیٹی بنائی جائے، بھارت کو کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینا ہوگا، خود بھارت کے عوام کہتے ہیں کہ ہم کشمیر کھوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا پوری قومی قیادت نے نیشنل ایکشن پلان پر اتفاق کیا، نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردی کیخلاف اتفاق رائے پیدا کیا گیا، ہم ملک میں معیشت بہتر کرنا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں غریبوں کے گھر کا چولہا جلے۔