اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں اور آف شور کمپنیوں کے الزام میں نیب کی علیم خان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کو 15روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
نیب نے علیم خان کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر احتساب عدالت میں پیش کیا، نیب نے ملزم علیم خان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی استدعا کی جس پر علیم خان کے وکلاء نے اس کی مخالفت کی اور نشاندہی کی کہ مزید جسمانی کی ضرورت نہیں ہے، احتساب عدالت نے علیم خان کا جسمانی دینے کی استدعا مسترد کر دی اور سابق صوبائی وزیر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
سابق صوبائی وزیر علیم خان اپنی گرفتاری کے بعد تفتیش کیلئے 28 دنوں تک نیب کی تحویل میں رہے اور نیب نے سابق صوبائی وزیر سے ذرائع آمدن سے زیادہ کے اثاثے بنانے کے الزام میں چھان بین کی۔ احتساب عدالت نے نیب کو ہدایت کی کہ جلد از جلد علیم خان کیخلاف ریفرینس دائر کیا جائے۔ احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے ہدایت کی کہ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر علیم خان کو 18 مارچ کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔
علیم خان نے نیب کے بارے میں کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ اللہ صبر کرنے والوں کیساتھ ہوتا ہے۔ علیم خان کی احتساب عدالت پیشی کے موقع سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور احتساب عدالت کو جانے والے راستوں کو رکاوٹیں کھڑی کی گئی۔