لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے سابق سینئر وزیر علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 دنوں کی توسیع کر دی۔ احتساب عدالت نے نیب کو پی ٹی آئی رہنما کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کی۔
علیم خان کو غیر قانونی اثاثے بنانے کے الزام میں جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ احتساب عدالت کے جج نجم الحسن کے روبرو سماعت شروع ہوئی تو علیم خان کے وکیل نے نشاندہی کی کہ ابھی نیب نے ان کے موکل کے خلاف ریفرنس دائر نہیں کیا۔ نیب کے وکیل نے ریفرنس دائر کرنے کیلئے مہلت مانگی اور بتایا کہ ریفرنس تیاری کے مراحل میں ہے۔ نیب کے وکیل نے یقین دہانی کرائی کہ ریفرنس کی تیاری مکمل ہوتے ہی ریفرنس عدالت میں دائر کر دیا جائے گا۔ احتساب عدالت نے نیب کے وکیل کی یقین دہانی پر علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 دنوں کی توسیع کر دی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ علیم خان کا جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر انہیں 2 اپریل کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
نیب نے علیم خان کو غیر قانونی اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا، علیم خان کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے۔ احتساب عدالت کو جانے والے راستوں کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کیا اور جوڈیشل کمپلیکس کے اندر اور باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی۔