لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا ہے کہ مریم صاحبہ شوق سے جیل کے باہر دھرنا دیں۔ ہم انھیں پانی اور ٹینٹ سمیت تمام سہولیات دینگے۔
شہباز گل نے مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دھرنے میں ان کے بھائی حسن اور حسین تو نہیں ہونگے لیکن میں ضرور وہاں پہنچوں گا۔ یوم پاکستان پر دھرنے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے۔ مریم صاحبہ سے گزارش ہے قوم کو یوم دفاع پر گمراہ نہ کیا جائے۔ نواز شریف کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ آج نواز شریف صاحب کا بلڈ پریشر 140/90 تھا۔ انہوں نے آج انڈے، آلو گوشت، سبزی اور چاول کھائے۔ تاہم انھیں آج صبح دانت میں تکلیف ہوئی جس کے لیے ڈینٹل سرجن کو جیل بھیجا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف صاحب کو اگر کوئی تکلیف ہے تو کسی بھی ہسپتال میں علاج کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے گردے کی تکلیف سے متعلق بھی کسی ڈاکٹر کو نہیں بتایا۔
بعد ازاں ڈاکٹر شہباز نے ٹویٹ میں ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے مریم نواز اور وکیل خواجہ حارث کو نواز شر یف سے ملنے کی اجازت دے دی ہے۔
پنجاب حکومت نے مریم نواز کے خط پر انہیں اور نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کو لیگل کنسلٹیشن کے لیےجیل میں نوازشریف سے ملاقات کی اجازت دے دی ہے. بس ان سے ایک ہی درخواست ہے کہ ان کی صحت پر غلط بیانی کرکے اپنے کارکنوں کو گمراہ مت کریں. pic.twitter.com/LqOCWgsbox
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) March 22, 2019