امید ہے نواز شریف جلد رہا ہو جائیں گے، سابق گورنر سندھ

Last Updated On 24 March,2019 09:25 pm

کراچی: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن نے اپنے قائد نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لئے کراچی میں ریلی نکالی۔ سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے اس موقع پر کہا کہ کوئی ڈیل کریں گے نہ رعایت کی درخواست، امید ہے نواز شریف جلد رہا ہو جائیں گے۔ موجودہ حکومت کو گرانے کی ضرورت نہیں، یہ خود ہی گر جائے گی۔

کراچی کے حلقے پی ایس 128 کے کارکنوں نے بانی مسلم لیگ ن میاں نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لیے رضویہ چورنگی پر مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں مقامی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی پالیسیوں نے مسلم لیگ ن کا کام آسان کر دیا۔ عوام کو پتا چل گیا کہ انہوں نے جھوٹے دعوے کیے تھے۔

سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کہ کراچی میں امن ن لیگ نہیں فوج لائی ہے، یہ بات صحیح ہے لیکن اس سے پہلے کی حکومتیں اور فوج ایک پیچ پر نہیں تھیں۔ اگر ن لیگ کو ووٹ ملا تو وہ کراچی کو لاہور جیسا بنا دے گی۔

دیگر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ کراچی کے مختلف علاقوں میں مظاہرہ کریں گے جہاں مہاجروں کے نام پرووٹ تو لیے گئے لیکن مسائل حل نہیں کیے گئے۔