نوازشریف رہائی تحریک شروع، شیخوپورہ میں ن لیگ کی احتجاجی ریلی

Last Updated On 24 March,2019 09:49 am

شیخوپورہ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے طلال چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کو کچھ ہوا تو ذمہ دار نالائق الیون ہو گی۔ جاوید لطیف کہتے ہیں پاکستان کو ایٹمی قوت بنانےوالے کو بدترین سلوک کانشانہ بنایا جا رہا ہے، سابق وزیراعظم کی رہائی کے لئے تحریک کا آغاز کر رہے ہیں۔

شیخوپورہ میں یوم پاکستان پر مسلم لیگ ن نے تجدید عہد وفا کے طورپر عوامی قوت کا مظاہرہ کیا، جلسے میں کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس سے پہلے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت پر کڑی تنقید کی، انہوں نے نوازشریف کی رہائی کیلئے تحریک کے آغاز کا بھی اعلان کیا۔

طلال چودھری وزیراعظم عمران خان پر خوب گرجے برسے، انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو کچھ ہوا تو ذمہ دار نالائق الیون ہو گی۔ نون لیگ نے شرقپور چوک سے یادگار چوک تک مشعل بردار ریلی بھی نکالی، اس موقع پر گھوڑ ڈانس اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔