لاہور: (روزنامہ دنیا) نئی تحصیل نیاز بیگ میں ہوگی۔ اچھرہ ،دریائی ایریا، رائے ونڈ اور اقبال ٹاؤن کے علاقے شامل کئے جائینگے۔ 5 قانونگوئی، 25 پٹوار سرکل اور 36 موضع جات پر مشتمل ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق 7 سال بعد لاہور کی ایک اور تحصیل بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ نئی تحصیل نیاز بیگ میں اچھرہ، دریائی ایریا، رائے ونڈ اور اقبال ٹاؤن کے علاقے شامل کئے جائیں گے۔
دستاویزات کے مطابق نئی تحصیل نیاز بیگ 5 قانون گوئی، 25 پٹوار سرکل اور 36 موضع جات پر مشتمل ہو گی۔ ضلع میں پہلے 5 تحصیلیں ہیں۔ زیادہ کام کی وجہ سے 5 کی بجائے 6 تحصیلیں بنانے کی سمری بھیجی گئی لیکن وسائل کی کمی آڑے آ گئی۔
ڈسٹرکٹ ریونیو رپورٹ کے مطابق لاہور کا رقبہ اور آبادی بڑھنے سے شہریوں کو دفتری امور میں مسائل درپیش ہیں۔ جائیدادوں کی منتقلی، رجسٹریشن، ڈومیسائل، پٹواریوں کی کمی اور اسسٹنٹ کمشنر کا نہ ملنا مسائل میں شامل ہے۔
ضلع کی 5 تحصیلوں میں سٹی، ماڈل ٹاؤن، رائے ونڈ، کینٹ اور شالیمار شامل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کا زیادہ بوجھ والی تحصیلوں کو کم کر کے نئی تحصیل نیاز بیگ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پرکام شروع کر دیا گیا ہے۔
نئی تحصیل نیاز بیگ بننے کے بعد ضلع کی 6 تحصیلیں ہو جائیں گی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اویس ملک نے کہا کہ نئی تحصیل بنانے کی حتمی منظوری بورڈ آف ریونیو کے فیصلے کے بعد اور وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری سے مشروط ہو گی۔