پرامن اور مستحکم پاکستان کے قیام کیلئے پرعزم ہیں، آرمی چیف

Last Updated On 26 March,2019 06:14 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں پاک برطانیہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن اور مستحکم پاکستان کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ آرمی چیف نے کانفرنس میں خطے کی معاشی ترقی کے لیے سی پیک کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں پاک برطانیہ کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے خطاب کیا۔ آرمی چیف نے اپنے خطاب میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سلامتی جبکہ خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر اظہار خیال کیا۔ سپہ سالار نے کہا کہ پرامن اور مستحکم پاکستان کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کانفرنس میں خطے کی معاشی ترقی کے لیے سی پیک کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ شرکا کو پاکستان اور خطے میں امن کیلئے اپنے ویژن سے آگاہ کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پرامن پاکستان ہماری منزل ہے۔ امن کی مکمل بحالی لیے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

کانفرنس کے موقع پر آرمی چیف سے برطانوی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پیٹرک سینڈرز نے بھی ملاقات بھی کی جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

Advertisement