راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بحرینی نیشنل گارڈز کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر بات چیت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بحرین کی نیشنل گارڈز کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور اور علاقائی سلامتی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں اطراف نے باہمی فوجی تعاون مزید بڑھانے پراتفاق کیا۔
مہمان جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے علاقائی امن واستحکام میں پاکستان کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔