لاڑکانہ: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ صرف بھٹو کا ٹرائل ہی راولپنڈی میں ہوتا ہے، مقدمات کا سامنا کریں گے، احتساب کے نام پر انتقام لیا جا رہا ہے، دس سال سے کوئی تحریک نہیں چلائی، چاہتے ہیں احتجاج کا موقع ملے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا صحت کے شعبے میں جو کر کے دکھایا کسی اور صوبے میں نہیں ہوا، ہسپتال میں مفت علاج ہوگا، یہ سندھ حکومت کا کارنامہ ہے، این آئی سی وی ڈی ہسپتال کو عالمی معیار کا ادارہ بنا کرکھڑا کیا۔ انہوں نے کہا 18 ویں ترمیم کے بعد سندھ حکومت نے پر فارم کیا، پیپلزپارٹی نے کبھی ایک شہر کو فوکس نہیں کیا، ہم آپ کو سکھا سکتے ہیں کہ امراض قلب کا ہسپتال کیسے چلایا جاسکتا ہے، پاکستان میں ہر سال 25 ہزار لوگ دل کی بیماری کے باعث مر جاتے ہیں، مفت علاج ہر پاکستانی کا حق ہے سب کو ملنا چاہیے، پورے سندھ میں این آئی سی وی ڈی ہسپتال بنائے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا دوست ممالک کی خیرات سے ملک نہیں چلا سکتے، پنڈی میں ٹرائل کرنے پر اعتراض ہے، ہر فورم پر اپنا اعتراض اٹھائیں گے، دنیا بھر میں جہاں جرم ہوتا ہے وہیں اس کا فیصلہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا ہر چیلنج قبول کرنے کیلئے تیار ہیں، احتساب کے نام پر انتقام لیا جا رہا ہے، اویس مظفر سے میرا کوئی رابطہ نہیں رہا ہے۔