اقوام متحدہ میں مذہب و تعصب کی بنیاد پر دہشتگردی کیخلاف قرار داد منظور

Last Updated On 03 April,2019 01:01 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ میں مذہب اور تعصب کی بنیاد پر دہشت گردی کے خلاف قرار داد منظور کر لی گئی، پاکستان نے قرار داد کے متن اور خدوخال وضع کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

قرارداد پاکستان کی حمایت سے ترکی نے نیوزی لینڈ حملوں اور اسلام دشمن رویوں کے تناظر میں پیش کی۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ قرار داد اسلام دشمن رویوں پر مبنی بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور تنگ نظری کی مخالفت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے اسلام دشمن رویے عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں، خطے میں بھی انتہا پسند گروہ مذہب کی بنیاد پر انتشار اور امن دشمنی کو فروغ دے رہے ہیں۔

ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ دیواریں کھڑی کرنے کے بجائے امن پسندی کے پُل تعمیر کرنے چاہئیں، مذہب، نسل اور رنگ کے لوگوں کو نفرت، انتہا پسندی اور استحصال کا نشانہ نہیں بننے دے سکتے۔
 

Advertisement