اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت حماد اظہر نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو چیلنج کرتے ہوئے کہا اگر وہ اتنے ہی صاف ہیں تو پاکستان آئیں اور کٹہرے میں کھڑے ہو کر جواب دیں، معیشت کی تباہی کے اصل ذمہ دار سابق وزیر خزانہ ہیں، پہلے انہوں نے حکومت میں رہ کر یہ کام کیا، اب وہ باہر بیٹھ کر بھی باز نہیں آ رہے، آئی ایم ایف سے ڈالر کا کوئی ریٹ طے نہیں کیا۔
وزیر مملکت حماد اظہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آنیوالے وقت میں ٹیکس فائلرز اور ٹیکس دہندگان کیلئے سہولیات ہونگی، نان فائلرز کیلئے مشکلات ہونگی۔ انہوں نے کہا جو لوگ ٹیکس سے فرار اختیار کرتے رہے انکے لئے ایک سخت پالیسی شروع کر رہے ہیں، اب ٹیکس سے راہ فرار اختیارکرنا آسان نہیں ہوگا۔
حماد اظہر کا کہنا تھا نئے بجٹ کی تیاری کر رہے ہیں، زیادہ فوکس نوٹسز پر دیا ہوا ہے، ہم نے گروتھ کو مستحکم بنانا ہے، گزشتہ ادوار کی طرح گروتھ کو مصنوعی شکل نہیں دینی۔