اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت سولہ جنوری تک ملتوی کر دی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔ نیشنل بینک کے سابق صدر اور شریک ملزم سعید احمد عدالت پیش ہوئے تاہم ملزم نعیم محمود اور منصور رضا نے استثنا کی درخواست دائر کر دی۔
استغاثہ کے گواہ نجی بینک افسر آفتاب احمد بھی پیش نہ ہوئے اور استدعا کی کہ معاملے کا ریکارڈ مکمل نہیں، ریکارڈ جمع کرنے کی مہلت دی جائے۔
عدالت نے گواہ آفتاب احمد کی درخواست منظور کر لی اور اگلی سماعت پر مزید تین گواہان سہیل عزیز، عمران محمد اور محمد نسیم کو طلب کر لیا۔