اسحاق ڈار کی اہلیہ نے جائیداد نیلامی کا فیصلہ چیلنج کر دیا

Last Updated On 24 October,2018 09:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسحاق ڈار کی اہلیہ نے جائیداد نیلامی کا فیصلہ احتساب عدالت میں چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلبرگ لاہور والا گھر ان کی ملکیت ہے جو انہیں حق مہر میں ملا۔ تبسم اسحاق کی درخواست پر احتساب عدالت نے نیب سے جواب طلب کر لیا ہے۔

اسحاق ڈار کی اہلیہ تبسم اسحاق کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا کہ لاہور میں گلبرگ کی رہائش گاہ اسحاق ڈار کے بجائے ان کی ملکیت میں ہے، جو انہیں 14 فروری 1989ء میں بطور حق مہر دیا گیا، ان کی ملکیت والا گھر ضبط نہیں کیا جا سکتا۔

ہجویری فاؤنڈیشن کی جانب سے بھی ایک بینک اکاؤنٹ پر اعتراض لگایا گیا جس میں کہا گیا کہ اسحاق ڈار کے نام کا ایک اکاؤنٹ فاؤنڈیشن کا ہے، فاؤنڈیشن کو بینک اکاؤنٹس میں موجود فنڈز استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔

عدالت نے اعتراضات کی کاپی نیب پراسیکیوٹر عمران شفیق کو فراہم کرتے ہوئے 7 نومبر کو دلائل طلب کر لئے۔ اسحاق ڈار کی اہلیہ کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
 

Advertisement