اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کی جائیداد نیلام کرنے کی نیب کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی گاڑیوں اور گلبرگ لاہور کی جائیداد نیلام کرنے کا حکم دے دیا۔
احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کی جائیدادیں نیلام کرنے کی نیب کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے صوبائی حکومت کو اختیار دیا ہے کہ وہ جائیدادیں فوری طور پر قبضے میں لے، قبضے میں لیے گئے اثاثے کب نیلام کب کئے جائیں، یہ اختیار صوبائی حکومت کو ہو گا، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔
عدالت نے الفلاح سوسائٹی میں واقع تین پلاٹس اور گاڑیوں کو قبضے میں لیے جانے کی تعمیلی رپورٹ طلب کرلی، مکمل تعمیلی رپورٹ آنے پر تفصیلی حکم جاری کریں گے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بیرون ملک جائیدادوں سے متعلق بھی قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
نیب کی جانب سے اسحاق ڈار کے قرق شدہ اثاثوں کی تفصیلات پیش کی گئی ہیں جن کے مطابق اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کی شراکت میں ٹرسٹس کے لاہور اور اسلام آباد میں مختلف بنکوں میں اکاؤنٹس ہیں، گلبرگ لاہور میں ایک گھر اور چار، اسلام آباد میں چار پلاٹس ہیں، پاکستان میں 3 لینڈ کروزر گاڑیاں، دو مرسڈیز اور ایک کرولا گاڑی ہے۔
اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کی ہجویری ہولڈنگ کمپنی میں 34 لاکھ 53 ہزار کی سرمایہ کاری ہے، اسحاق ڈار کی دبئی میں تین فلیٹس اور ایک مرسیڈیز گاڑی سمیت اسحاق ڈار کی بیرون ملک تین کمپنیوں میں شراکت ہے، احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ کو دسمبر 2017 میں اشتہاری قرار دیا تھا جبکہ چھ ماہ قبل جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔۔