اسحاق ڈار کی واپسی کیلئے پاکستان درخواست دے سکتا ہے، برطانیہ

Last Updated On 14 September,2018 08:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی کے معاملے پر برطانوی ہائی کمیشن نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس معاملے کی درخواست دے سکتا ہے۔

برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ برطانیہ اور پاکستان انصاف اور احتساب کے معاملے پر تعمیری تعلقات رکھتے ہیں، پاکستان اسحاق ڈار کی واپسی کے حوالے سے قانونی درخواست دے سکتا ہے۔

ہائی کمیشن نے واضح کیا کہ اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان مجرموں کے تبادلے کا معاہدہ نہیں، مگر درخواست دی جا سکتی ہے۔

خیال رہے کہ خبریں ہیں کہ برطانیہ نے سابق پاکستانی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کو ڈی پورٹ کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ حکومت برطانیہ کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے حکومت پاکستان کو باقاعدہ رابطہ کرنا ہو گا۔

ذرائع کے مطابق یہ درخواست اسحاق ڈار کو برطانیہ سے ڈی پورٹ کے حوالے سے دائر کی گئی تھی۔ حکومت برطانیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مجرموں کے تبادلے کا معاہدہ نہیں، اس لئے اسحاق ڈار کو ڈی پورٹ نہیں کیا جا سکتا۔

حکومت برطانیہ کے مطابق کسی مجرم کو ڈی پورٹ کے حوالے قانون میں گنجائش موجود ہے، تاہم اس کے لئے حکومت پاکستان کوباقاعدہ رابطہ کرنا ہو گا۔