اسحاق ڈار کی جائیدادوں کی فروخت، نیب نے پٹیشن دائر کر دی

Last Updated On 27 September,2018 06:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب نے اشتہاری ملزم اور سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کی قرق شدہ تمام جائیداد فروخت کرنے کے لیے احتساب عدالت میں درخواست دائر کر دی، 28 ستمبر سے باقاعدہ سماعت ہوگی۔

 

قومی احتساب بیورو (نیب) نے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ احتساب عدالت نے اثاثہ جات ریفرنس میں نامزد ملزم اسحاق ڈار کو طلب کیا، وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انھیں مفرور قرار دیا گیا۔ اسحاق ڈار اشتہاری ہوئے، جائیداد قرق کی گئی لیکن ملزم جان بوجھ کر مفرور ہے، مسلسل عدم حاضری پر ملزم کی تمام قرق جائیداد فروخت کرنا چاہتے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ ڈسٹرکٹ آفیسر ریونیو کو نمائندہ مقرر کیا جائے جو جائیداد فروخت سے حاصل ہونے والی تمام رقم قومی خزانے میں جمع کرائے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے درخواست باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے 28 ستمبر کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔