اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کی قرق کی گئی جائیداد کی تفصیل مانگ لی، عدالت نے حکم دیا ہے کہ بحق سرکار ضبط کی گئی جائیداد کی تعمیلی رپورٹ پیر کو پیش کی جائے۔
اسحاق ڈار کی جائیداد فروخت کرنے سے متعلق نیب کی درخواست کی سماعت اسلام کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ پراسیکیوٹر نیب عمران شفیق نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مقررہ وقت گزرنے تک اعتراض نہ آئے تو جائیداد فروخت کی جا سکتی ہے، جائیداد قرق کرنے کے چھ ماہ بعد تک ملزم کو عدالت سے رجوع کر سکتا ہے جبکہ ملزم کی جانب سے ابھی تک کوئی اعتراض نہیں آیا۔
پراسیکیوٹر نیب کا کہنا تھا جائیداد کی فروخت کے بعد بھی اگر ملزم پیش ہو جائے تو عدالت اس کو حقوق فراہم کر سکتی ہے، ملزم کی کچھ جائیدادیں لاہور اور اسلام آباد میں بھی ہیں۔ پراسیکیوٹر نیب نے استدعا کی کہ جو پراپرٹیز عدالتی دائرہ کار میں نہیں آتیں، اس حوالے سے حکم جاری کیا جائے۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ نیب نے مرسیڈیز کا بھی فہرست میں ذکر کر رکھا ہے، قرق جائیداد کی تفصیل طلب کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی۔