اسحاق ڈار کے مزید 3 پلاٹ فروحت کرنے کے احکامات جاری

Last Updated On 15 October,2018 05:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کے مزید 3 پلاٹ فروحت کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے اسحاق ڈار، اہلیہ اور ان کے بیٹے کے تین پلاٹوں کی قرقی سے متعلق تعمیلی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرائی۔ عدالت نے تینوں پلاٹوں کے اختیارات صوبائی حکومت کو دے دیئے، 2،2 کنال کے تین پلاٹس میں ایک پلاٹ علی مصطفیٰ ڈار، ایک تبسم اسحاق ڈار اور تیسرا پلاٹ اسحاق ڈار کے نام ہے۔

اس سے قبل اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب کو اسحاق ڈار کی پاکستان میں قرق کی گئی جائیداد کو فروخت کرنے کی اجازت دے دی تھی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اپنے فیصلے میں کہا کہ صوبائی حکومت کا اختیار ہے کہ وہ ان اثاثوں کو فروخت کرے یا قبضے میں لے۔ اس کے علاوہ حکومت کو اسحاق ڈار کی بینک میں موجود رقم کو سرکاری خزانے میں جمع کرانے یا اپنی تحویل میں لینے کا اختیار حاصل ہے۔


یاد رہے کہ نیب نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی قرق کی گئی جائیداد کو فروخت کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔ احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کی جائیداد کی قرقی کے احکامات گزشتہ سال 14 دسمبر 2017ء کو دیے تھے۔
 

Advertisement