اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اثاثوں کی نیلامی کے لیے نیب نے پیشرفت رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرا دی۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ اسلام آباد میں 6 ایکڑ اراضی کیس شروع ہونے سے پہلے ہی فروخت کر دی، اسحاق ڈار کے بینکوں کی رقوم پنجاب حکومت کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر خزانہ کیخلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کی۔ دوران سماعت نیب کے تفتیشی افسر نادر عباس نے اسحاق ڈار کے اثاثوں کی نیلامی سے متعلق پیش رفت رپورٹ جمع کرا دی۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ اسلام آباد میں 6 ایکڑ اراضی کیس شروع ہونے سے پہلے ہی فروخت کر دی تاہم سابق وزیر خزانہ، ان کی بیوی اور بیٹے کے 3 پلاٹوں کی قرقی سے متعلق تعمیلی رپورٹ بھی جمع کرا دی گئی۔
نیب نے اسحاق ڈار اور ان کمپنیوں کے اکاؤنٹس میں 5 کروڑ 83 لاکھ روپے کی تفصیلات پنجاب حکومت کے حوالے کر دیں۔ نیب حکام کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کی گاڑیاں تحویل میں لینے کیلئے رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا لیکن گاڑیاں موجود نہیں تھیں جبکہ اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کے شئیرز کی قرقی سے متعلق ایس ای سی پی کی رپورٹ کا انتظار ہے، رپورٹ ملنے کے بعد آئندہ سماعت پر عدالت کو پیش رفت سے آگاہ کر دیا جائے گا۔