کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی نے قانون سازی کے بغیر حیدر آباد یونیورسٹی بنانے کی مخالفت کر دی۔ سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کہتے ہیں کہ وفاق نے سندھ حکومت سے یونیورسٹی بنانے کی منظوری بھی نہیں لی۔
مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کیا عمران خان نے حیدر آباد میں یونیورسٹی بنانے کیلئے سندھ حکومت سے منظوری لی؟
انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس تو یونیورسٹی نہیں بنی، حیدر آباد یونیورسٹی بنانے چلے ہیں۔ حیدر آباد یونیورسٹی کا اسلام آباد میں افتتاح سندھ کے ساتھ مذاق ہے۔ کیا عمران خان اہل سندھ کے سوالوں کا سامنا کرنے سے ڈرتے ہیں؟
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ گھوٹکی میں عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ انہیں سندھ کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو ملک میں سب سے زیادہ یونیورسٹیز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔