لاڑکانہ: (روزنامہ دنیا) سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی 40 ویں برسی آج ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائیگی۔ گڑھی خدا بخش میں مرکزی تقریب اور جلسے کی تیاریاں مکمل، 6 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات، 58 واک تھرو گیٹ اور 88 سی سی ٹی وی کیمرے لگا دیئے گئے۔
برسی کی تقریبات میں شرکت کیلئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، آصف زرداری، بختاور بھٹو، آصفہ بھٹو سمیت دیگر مرکزی و صوبائی رہنما گڑھی خدابخش پہنچ گئے۔ لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس، گھوٹکی میں 12 اپریل کو جلسے کا اعلان کر دیا۔
دوسری جانب پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طاقت کا بھرپور مظاہرہ کرنے کیلئے گھوٹکی میں 12 اپریل کو جلسہ ہوگا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے برسی کے موقع پر پیغام میں کہا ملکی تعمیر و قوم سازی کے عمل میں قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا کردار وسیع و بے مثال ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی شہادت کو 40 برس گزرنے کے باوجود وہ عوام کے دلوں میں زندہ و محترم ہیں، آج کا دن ہمیں یہ بھی یاد دلاتا ہے کہ قائد عوام کا خونِ ناحق آج بھی انصاف کا طالب ہے۔
سابق صدر آصف زرداری نے کہا استحصالی قوتوں کیخلاف جنگ جاری رہے گی۔ سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا قائد عوام کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا ملک شدید بحرانی کیفیت سے دوچار ہے، ہمیں بھٹو جیسے عظیم لیڈر کی ضرورت ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے کہا فوجی عدالتوں کی مدت 31 مارچ سے ختم ہوگئی، حکومت فوجی عدالتوں سے متعلق قانون سازی کرے گی تومخالفت کریں گے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے کہا 40 سال بیت گئے مگر آج بھی ملک کے پہلے منتخب وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی روح انصاف کی متلاشی ہے۔ سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا شہید بھٹو کیس کی دوبارہ تفتیش کی جائے۔ سابق وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہم حکومت کو گرانا نہیں چاہتے ، بہت جلد پی ٹی آئی میں مزید لڑائیاں دیکھنے کو ملیں گی۔
پی پی پی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سیدہ نفیسہ شاہ کا کہنا تھا تاریخ عمران خان کو عذاب خان کے نام سے یاد کرے گی، عمران خان کی گڈ گورننس کی قلعی کھل چکی ہے۔