اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے آصف علی زرداری کی نااہلی کے لئے درخواستوں پر سابق صدر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ سیاسی تنازعات کیلئے متعلقہ فورم پارلیمنٹ ہی ہونا چاہئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں آصف علی زرداری کی نااہلی کیلئے درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا ایسے معاملات پارلیمنٹ میں حل کیوں نہیں ہوتے ؟ آپ لوگ ایف بی آر میں بھی تو جاسکتے تھے ؟ سیاسی تنازعات کو عدالتوں میں ہی کیوں لے آتے ہیں ؟ اس عدالت کے سامنے 18 ہزار دیگرد رخواستیں پڑی ہیں، دیگر فورمز کی موجودگی میں درخواست کو عدالت ہی کیوں سنے؟۔
وکیل عثمان ڈار نے کہا امریکا میں فلیٹ کاغذات نامزدگی میں چھپائے گئے ہیں۔ جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ آپ پناما کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھ سکتے ہیں، آپ کے پاس تو تمام فورمز دستیاب ہیں، آپ پہلے مطمئن کریں عدالت کے علاوہ کوئی اور فورم موجود نہیں۔ کیس کی مزید سماعت 2 ہفتے بعد ہو گی۔