اسلام آباد: (دنیا نیوز) انسداد منشیات فورس نے نیواسلام آباد ایئرپورٹ سے بیرون ملک منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، صوابی کے رہائشی ملزم سے کروڑوں روپے مالیت کی 6 کلو گرام سے زائد آئس ہیروئن برآمد کر لی گئی۔
انسداد منشیات فورس کے حکام نے صوابی کے رہائشی ملزم ممتاز محمد کو شک کی بناء پر روکا۔ ملزم نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سے جدہ جانے کی کوشش کر رہا تھا۔ سامان کی تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے بڑی مقدار میں آئس ہیروئن برآمد ہوئی جسے بڑی مہارت کے ساتھ کلف کی جگہ کپڑوں کے ساتھ جوڑوں پر لگایا گیا تھا۔
اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ برآمد کی گئی 6 کلو390 گرام آئس ہیروئن کی عالمی مارکیٹ میں قیمت کروڑوں روپے ہے۔ ملزم کو انسداد منشیات فورس نے حراست میں لے کر مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔