لاہور: (دنیا نیوز) ملاوٹ مافیا کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بڑا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں کارروائی کر کے جعلی کولا ڈرنک اور ملاوٹی اچار فیکٹری سیل کردی۔
لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں فیاض بوتل پروڈکشن یونٹ میں جعلی بوتلیں تیار کی جا رہی تھیں۔ 2 ہزار کے قریب تیار کولا ڈرنکس، مشینری، مصنوئی فلیورز، کلرز، کیمیکل بھی ضبط کر لیے گئے۔ 1200خالی بوتلیں، 5 گیس سلنڈر، 2 فلنگ مشین، پریشر پمپ اور موٹریں اکھاڑ کر ضبط کر لئے گئے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔
ویجیلنس ٹیم کو خام مال اور خالی بوتلیں فراہم کرنے والی فیکٹریوں کا سراغ لگانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ شیخوپور میں فیروز والا کے قریب شعیب فوڈز، اچار اور مربہ پروڈکشن یونٹ کو سیل کیا گیا۔ گلے سڑے پھلوں سے تیار کردہ ایک لاکھ 14 ہزار کلو اچار اور مربہ جات برآمد کر لئے گئے۔ اچار اور مربہ جات دلکش پیکنگ میں لاہور اور مضافاتی علاقوں میں سپلائی کیے جاتے تھے۔