کراچی: (دنیا نیوز) جعلی اکاؤنٹس کے سلسلے میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور پیر کو احتساب عدالت پیش ہوں گے، شریک چئیرمین پیپلز پارٹی نے کارکنوں کو احتساب عدالت آنے سے روک دیا. دوسری جانب آصف زرداری نے جواب جمع کرانے کے لئے نیب سے مہلت بھی مانگ لی ہے.
جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور پیر مورخہ 8 اپریل کو احتساب عدالت پیش ہو رہے ہیں۔ ان کی پیشی کے موقع پر جیالوں کی بڑی تعداد بھی اپنے لیڈر سے اظہار یکجہتی کیلئے عدالت پہنچتی ہے تاہم اس پیشی پر سابق صدر آصف زرداری نے کارکنوں کو آنے سے روک دیا ہے۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ٹھنڈے دماغ سے مقدمات لڑنے کا قائل ہوں، کارکن کل احتساب عدالت نہ آئیں۔
قبل ازیں آصف زرداری کے وکلا کی جانب سے نیب کو دو ہفتوں کی مہلت دینے کا خط موصول ہوا ہے، بتایا گیا ہے کہ شریک چئیرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری نے جواب جمع کرانے کے لئے نیب سے17 اپریل تک مہلت طلب کی ہے۔
دوسری جانب نیب ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف زرداری کو جواب جمع کرانے کیلئے مہلت دینے کا فیصلہ تاحال نہیں کیا جا سکا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل آصف زرداری کی جانب سے 10 روز کی مہلت مانگی گئی تھی جو 30 مارچ کو ختم ہوگئی۔