اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جعلی اکاونٹس کیس میں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، نیب کی جانب سے سستی کا تاثر غلط ہے۔
نیب میں جاری کیسز میں وفاقی وزیر کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے قومی ادارے کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو کسی وزیر کی خواہش پر گرفتار نہیں کر سکتے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ موصول نہیں ہوا، اس کیس قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، نیب کے بارے میں سستی کے تاثر کو مسترد کرتے ہیں۔
نیب نے وفاقی وزیر کے بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے ان کے بیانات اور انٹرویوز کا متن طلب کر لیا ہے۔
نیب اعلامیہ کے مطابق دیکھنا ہوگا کہ بیانات اور انٹرویوز نیب پر اثر انداز ہونے کی کوشش تو نہیں، بیانات نیب کی شفاف تفتیش کی راہ میں حائل تو نہیں ہو رہے،
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نیب ہر قسم کے دباؤ کو مسترد کرتا ہے، قومی ادارے کو معافی مانگنے یا کیس بند کرنے کا کیوں کہا جا رہا ہے؟ اس کا جائزہ لیا جائے گا۔