اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر قانون وانصاف ڈاکٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نام شامل کرنے کیلئے ملزموں کا موقف لینا لازمی نہیں ہے۔
وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ ملزمان کو سنے بغیر ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جا سکتا ہے، حکومتی نمائندوں کیخلاف بھی اگر ثبوت ملیں گے تو ان کا نام بھی ڈالا جائے گا۔
اسلام آباد میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ وزارت داخلہ اور نیب ای سی ایل میں نام تب ڈالنے کی سفارش کرتی ہے جب کسی پر شبہ ہو کہ یہ ملک میں واپس نہیں آئے گا۔
فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ اور ایف آئی اے جوائٹ انوسٹی گیشن (جے آئی ٹی) میں شامل افراد کی لسٹ سپریم کورٹ میں پیش کریں گے، احتساب کا عمل اسی طرح چلنا چاہیے۔
وزیر قانون نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ منظر عام پر آنے سے کیس پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، ملزموں کو اپنا دفاع پیش کرنے کا پورا پورا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر وہ کام کرے گی جس سے قانون کی حکمرانی ہو۔