شریف خاندان کیس کا اہم ملزم محمد مشتاق گرفتار

Last Updated On 08 April,2019 07:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے شریف خاندان کے کیس میں اہم ملزم محمد مشتاق کو لاہور سے گرفتار کر لیا ہے۔

نیب لاہور کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ شریف خاندان کے آمدن سے زائد کیس میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے اہم ملزم محمد مشتاق کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ محمد مشتاق نامی ملزم نے مبینہ فرنٹ مین کا کردار ادا کرتے ہوئے جعلی ترسیلات کے ذریعے 50 کروڑ روپے سلمان شہباز کے اکاؤنٹ میں منتقل کئے۔ محمد مشتاق کو نیب کل احتساب عدالت میں پیش کریگی اور ملزم کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر کے مزید تحقیقات کی جائینگی۔

دوسری جانب ترجمان شریف خاندان کا کہنا ہے محمد مشتاق کسی شوگر مل کا مینجر نہیں اور نہ ہی کبھی ملازم رہا ہے۔ شریف خاندان کا میڈیا ٹرائل افسوسناک اور بدنیتی پر مبنی اقدام ہے۔ کسی تحقیق کے بغیر یکطرفہ بیانات کا مقصد محض کردار کشی ہے۔

یاد ر ہے ایف آئی اے نے شريف فیملی کے مبینہ فرنٹ مین کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا۔ ذرائع کے مطابق مشتاق آج صبح دبئی فرار ہو رہا تھا جسے ایف آئی اے کے پہنچنے پر آف لوڈ کر دیا گیا۔ ملزم محمد مشتاق نیب کو رمضان شوگر مل اور منی لانڈرنگ کیس میں مطلوب تھا۔