قیادت سے اختلاف، غلام احمد بلور کا اے این پی چھوڑنے پر غور

Last Updated On 09 April,2019 06:01 pm

پشاور: (دنیا نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر غلام احمد بلور نے ہارون بلور کے بیٹے کو انٹر پارٹی الیکشن میں نشست نہ دینے پر پارٹی چھوڑنے پر غور شروع کر دیا، کہتے ہیں کہ اگلے دو چار روز میں مستقبل کا فیصلہ کروں گا۔

دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو میں اے این پی کے سینئر رہنما غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ ہارون بلور شہید کے بیٹے دانیال بلور کو انٹرا پارٹی الیکشن میں سیکرٹری اطلاعات کے عہدے پر الیکشن سے روک دیا گیا ہے۔ ہماری صدیوں سے پارٹی کے لیے قربانیاں ہیں لیکن پارٹی قائدین نے قربانیوں کو نظر انداز کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اے این پی کے مرکزی رہنما غلام احمد بلور نے پارٹی چھوڑنے پر سوچ بچار شروع کر دی ہے۔ ان کا خود کہنا تھا کہ اگلے تین چار دنوں کے بعد اپنی قسمت کا فیصلہ کروں گا۔

دوسری جانب حلقے کے ووٹرز نے بھی پارٹی کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حقدار کو سامنے لایا جائے۔ خیال رہے کہ اے این پی کے انٹرا پارٹی الیکشن کل باچا خان مرکز میں ہو رہے ہیں۔ اسفندیار ولی کے بیٹے ایمل ولی بلا مقابلہ صوبائی صدر منتخب ہو چکے ہیں۔