پشاور ہائیکورٹ: بچوں کے بھاری سکول بیگز سے متعلق کیس کی سماعت

Last Updated On 09 April,2019 06:06 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے بچوں کے بھاری سکول بیگ کیخلاف دائر درخواست پر سماعت میں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری، سیکرٹری ابتدائی وثانوی تعلیم، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن اور چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ کو طلب کر لیا ہے۔

پشاور ہائی کورٹ میں سکولوں کے بھاری بیگز سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس قیصر رشید اور جسٹس محمد ابراہیم خان نے کی۔ ڈپٹی سیکرٹری تعلیم عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے محکمہ تعلیم کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ محکمہ تعلیم کو اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا۔ چھوٹے بچوں کو ایک من کا بیگ تھما دئیے گئے ہیں۔

ڈپٹی سیکرٹری تعلیم کا عدالت میں کہنا تھا کہ بھاری بیگز سے متعلق کام شروع ہے، اس معاملے کے حل کیلئے ریفارمز لا رہے ہیں۔ جسٹس قیصر رشید نے استفسار کیا کہ گھوسٹ سکولز کے ریفارمز لا رہے ہیں؟ جب تک عدالت نوٹس نہیں لیتی آپ جاگتے نہیں ہیں۔

عدالت نے کیس میں چیف سیکرٹری، سیکرٹری ابتدائی وثانوی تعلیم، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن اور چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 10 اپریل تک ملتوی کر دی۔